نئی دہلی : کانگریس ورکنگ کمیٹی سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں کانگریس کے نائب
صدر راہل گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے وزیر اعظم مودی پر
نشانہ سادھا ہے۔ راہل نے وزیر اعظم مودی کو اقتدار کا لالچی قرار دیا جبکہ
منموہن سنگھ نے انہیں کہا مودی حکومت میں جمہوریت برے دور سے گزر رہی ہے۔ راہل نے اپنی تقریر میں کہا کہ مودی اقتدار کے نشے میں چور ہیں۔ وہ عدم
اطمینان کی آواز کو خاموش کردینا چاہتے ہیں۔ سول سوسائٹی کو سوال پوچھنے
پر دھمکایا جا رہا ہے۔ ٹی وی چینلوں کو بند کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
جمہوریت بدترین دور سے گزر رہی ہے۔ کارپوریٹ کے چنندہ لوگوں کو فائدہ
پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت
میں دلتوں کے استحصال
اور کسانوں کے خود کشی کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
راہل کی صدارت میں سی ڈبلیو سی کا اجلاس پارٹی ہیڈ کوارٹر میں شروع ہوا۔ یہ
اجلاس کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی صدارت میں ہونے والا تھا ، لیکن
خرابی صحت کی وجہ سے سونیا میٹنگ میں شامل نہیں ہوسکیں۔ اس اجلاس میں سابق
وزیر اعظم منموہن سنگھ، اے کے انٹونی اور غلام نبی آزاد جیسے قدآور
کانگریسی لیڈران شامل ہوئے۔
سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں تنظیمی انتخابات اور پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی
اجلاس کے لئے حکمت عملی کے ساتھ ہی اتر پردیش، پنجاب، گوا، اتراکھنڈ اور
منی پور میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی تیاریوں پر تبادلہ
خیال کی امید ہے۔